فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کلاس فیلو اور 14کتابوں کا مصنف رکشہ ڈرائیور فیاض ماہی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ،اس حوالے سے نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “میں سینئر صحافی ومعروف تجزیہ کارمجیب الرحمان شامی نے بحریہ ٹاﺅن کے مالک ملک ریاض سے فیاض ماہی کی امداد کی اپیل کی تو ملک ریاض نے اسے گھر دینے کا اعلان کردیا ۔
تفصیل کے مطابق پروگرام کے دوران فیاض ماہی پر ایک رپورٹ چلائی گئی جس میں اس کی کسمپرسی کے حوالے سے بتا یا گیا ۔فیاض ماہی کا کہنا تھا کہ 14کتابوں کامصنف ہوں اور دو مرلے کے کرائے کے گھر میں زندگی گزار رہا ہوں ۔انہوں نے بتا یا کہ میر ی چار بیٹیاں ہیں جن میں سے دو رات کو سونے کے لیے ماموں کے گھر چلی جاتی ہیں کیونکہ ہمارے گھر میں اتنی جگہ نہیں ہے ۔فیاض ماہی کا کہنا تھا کہ میں عابد شیر علی کے ساتھ جوان ہوا ہوں ،ان کے ساتھ 16سال کرکٹ کھیلی اور میں ان کا کلاس فیلو بھی ہوں لیکن عابد شیر علی سے کئی بار رابطہ کیا اس کے باوجود بھی انہوں نے میری طرف توجہ نہیں دی ۔پروگرام میں مجیب الرحمان شامی نے ملک ریاض سے فیاض ماہی کی امداد کی اپیل کی تو تھوڑی ہی دیر بعد ملک ریاض نے انہیں گھر دینے کا اعلان کردیا ۔
0 Comments